(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کا کہنا ہے کہ صیہونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو کورونا وائرس سے دانستہ متاثر کیا جارہا ہے، فلسطینیوں کے ساتھ علاج میں مجرمانہ غفلت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔
اسرائیلی انسانی حقوق کی معروف تنظیم "بتسلم” کی جانب سے اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کو جان بوجھ کر عالمی وباء سے متاثر کرنے کی رپورٹ کے بعد مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف مسلح مزاحمت کرنے والی تنظیم حماس کے ترجمان نے اپنے بیان میں عالمی برادری کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی زندانوں میں فلسطینی اسیروں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور علاج میں مجرمانہ غفلت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے اور مظوم فلسطینیوں کے ساتھ قابض ریاست کی انتقامی کارروائی اور نسل پرستی کا واضح ثبوت ہے۔
انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی معروف تنظیم نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ صیہونی جیل حکام دانستہ فلسطینی اسیروں کو کورونا وائرس سے متاثرکررہے ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوںنے کہا کہ اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر کی جانب سے جاری بیان جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ فلسطینی قیدیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم نہیںکریں گے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی زندانوں میں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد 245 ہوگئی ہے۔