غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ عز الدین القسام بریگیڈ نے باور کرایا ہے کہ تنظیم قابض اسرائیلی دشمن کی طرف سے مسلط کی گئی ہر طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القسام بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی قیادت کی طرف سے جنگ کی تیاری کے تناظر میں پیشگی میزائل حملے کی صلاحیت حاصل کی گئی ہے۔
عہدیدار کا مزید کہا ہے کہ اسرائیل کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ القسام بریگیڈ کے جانثار اسرائیلی انتخابات سے قبل کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں شمالی تل ابیب میں غزہ سے داغے گئے میزائل گرنے سے 7 صیہونی زخمی اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔
میزائل حملے کے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ بڑی تعداد میں شہری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔