یورپی یونین کے اراکین پارلیمنٹ، اعلیٰ سیاسی شخصیات اور انسانی حقوق کے مندوبین کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد پرسوں ہفتے کے روز غزہ کی پٹی میں پہنچ رہا ہے۔
یورپی وفد کی آمد کا مقصد رواں ماہ کے وسط میں غزہ پر اسرائیلی فوج کے آٹھ روز تک جاری رہنے والے حملے کے دوران ہوئی تباہ کاریوں کا جائزہ لینا اور مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یورپ فلسطین تعلقات عامہ کمیٹی کے ڈائریکٹر رامی عبدہ نے غزہ کی پٹی میں دورے کے دوران اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے درجنوں یورپی اراکین پارلیمنٹ اور امریکی شخصیات سے رابطے ہوئے ہیں۔ یورپی یونین کے اراکین پارلیمان ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پرسوں ہفتے کو مصر کے راستے رفح بارڈر سے غزہ کی پٹی میں آئیں گے۔ وفد میں انسانی حقوق کے مندوبین اور دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہوں گی۔
رامی عبدہ نے بتایا کہ انہوں نے یورپی رہ نماؤں کی ہدایت کے مطابق ان کے دورے کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔ وفد غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے شہریوں کے ورثاء سے ملاقات کریں گے۔ وہ الدلو خاندان کے ہاں بھی جائیں گے جن کے صہیونی جارحیت میں کم سے کم گیارہ افراد شہید ہو گئے تھے۔ شہداء میں اکثریت خواتین اور بچوں کی بھی شامل تھی۔ رامی عبدہ نے بتایا کہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے بعد وفد اسپتالوں کا دورہ کرے گا اور زخمیوں کی عیادت کے بعد شہر میں ہونے والی عمومی تباہی کا جائزہ لیا جائے گا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین