(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صیہونی فوج کی جانب سے گولیوں کا نشانہ بنائے جانے والے دس سالہ فلسطینی بچے کی حالت مزید تشویشناک ہوگئی ہے،بچے کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے بچے کی زندگی کے حوالے سے آئندہ چند گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرحمان اشتیوی نامی دس سالہ فلسطینی بچہ جس کو اسرائیلی فوج نے انتہائی درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سر پر براہ راست گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا،انتہائی نازک حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ایک فلسطینی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کے سر میں براہ راست گولیاں ماری گئی اور بچے کے سر میں سے گولیوں کے ستر سے زائد ٹکڑے نکالے جا چکے ہیں،تاہم اب تک بچے کی حالت تشویشناک ہے۔
یاد رہے کہ بچے کو کافرقدام نامی قصبے میں اس وقت اسرائیلی فوج کی جانب سے گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا تھا جب اسرائیلی فوج اور مقامی لوگوں کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔