اسرائیلی حکام نے غزہ کی پٹی کی سرحد پر واقع کراسنگ ’’کرم ابو سالم‘‘ کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ اس سے قبل پیر اور منگل کے روز اس کراسنگ کو یہودی ’’عید استقلال‘‘ کے حوالے سے بند رکھا گیا تھا۔
غزہ کی پٹی میں سامان کی ترسیل کی کمیٹی کے سربراہ رائد فتوح نے بتایا کہ اس کراسنگ سے عنقریب تجارتی، زرعی، ذرائع مواصلات پر مشتمل 380 ٹرک غزہ داخل ہونگے۔ ان میں 20 امدادی سامان کے ٹرک بھی ہونگے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل جلد ہی کراسنگ کے ذریعے سیمنٹ، تعمیراتی لوہے، عالمی تعمیراتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے پتھر اور کھانا پکانے والی گیس کی محدود مقدار کی غزہ میں ترسیل کی اجازت بھی دیدے گا۔
اس سے قبل اسرائیل نے جمعہ کے روز کراسنگ کو کھولا تھا اور اس دوران تجارتی اور زرعی سامان پر مشتمل 132 ٹرکوں کو غزہ داخل کیا گیا تھا۔ اس دوران گیس کی تھوڑی سی مقدار بھی غزہ میں داخل ہونے دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے چھ سال سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ غزہ کی اسرائیل کے ساتھ لگنے والی سرحد پر موجود راہداری ’’ابو سالم‘‘ اہل غزہ کی تجارت، ان کے لیے سازوسامان اور ایندھن کی ترسیل کا واحد ذریعہ شمار ہوتی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین