غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین نے فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ صدر محمود عباس اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمہوری محاذ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض المالکی نے صدر محمود عباس کے بارے میں کہا ہے کہ وہ روس کی میزبانی میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملنے کو تیار ہیں مگر ماسکو کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کو ایسے کسی اجلاس کی دعوت نہیں دی ہے۔
جمہوری محاذ کا کہنا ہےکہ خود ریاض المالکی نے تسلیم کیا ہے کہ روس نےفلسطینی اتھارٹی کے سربراہ اور اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کی دعوت نہیں دی ہے اور فلسطینی حکومت ایسے کسی اجلاس کے امکانات کے لیے پر امید نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو میں اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات پر آمادگی کا اعلان صدر محمود عباس کی طرف سے فلسطین نیشنل کونسل کی کھلم کھلا توہین ہے۔
جمہوری محاذ کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے نام نہاد وزیرخارجہ ریاض المالکی اپنی آئینی حیثیت کھو چکے ہیں۔ انہیں اسرائیل کے ساتھ بات چیت کا کوئی مینڈیٹ نہیں۔