مصری حکومت نے فلسطینی محصور شہرغزہ کی پٹی میں جاری توانائی کے بحران میں ہنگامی مدد فراہم کرتے ہوئے آج سے یومیہ کی بنیاد پر ایندھن کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصر میں پارلیمانی کمیٹی برائے صنعت وتوانائی کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ السید نجیدہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں توانائی کے حالیہ بحران میں ہنگامی سطح پر امداد کے طور پر فوری ایندھن کی فراہمی شروع کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں آج اتوار سےغزہ کی پٹی کو پاور جنریٹروں کےلیے پانچ لاکھ لٹرتیل اور پٹرول پمپوں کے لیے ایک لاکھ لٹر تیل کی ترسیل شروع کی جائے گی۔
مسٹر نجیدہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کو تیل کی فراہمی وہاں پر توانائی کے تازہ بحران میں مدد کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے ایندھن اور تیل کی سپلائی روکے جانے کے باعث شہر میں توانائی کا سنگین بحران پیدا ہوا ہے۔ مقامی فلسطینی حکومت نے مصر سمیت دیگرعرب ممالک سے غزہ کی پٹی کے لیے جنگی بنیادوں ایندھن کی فراہمی کی اپیل کی تھی۔ ایندھن کی سپلائی بند ہونے کے باعث غزہ کا واحد پاور اسٹیشن بھی بند ہو گیا تھا جس کے باعث یومیہ سولہ سے اٹھارہ گھنٹےکی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی۔
مصرکی جانب سے غزہ کی پٹی کو تیل کی سپلائی بحال کرنے سے شہر میں توانائی کے بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
ادھر فلسطینی حکومت کے ایک سینیئرعہدیداراحمد ابوالعمرین نے کہا کہ انہیں قاہرہ حکومت کی جانب سے ایندھن کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جو آج سے غزہ کی پٹی کو فراہم کرنا شروع ہو جائے گی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین