فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی حکومت کے وزیر برائے مذہبی امور نے مقبوضہ فلسطینی شہر بئرسبع کی ایک قدیم جامع مسجد
میں اسرائیل کی جانب سے شراب میلے کے انعقاد کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل مسلمانوںکی عبادت گاہ میں شراب میلہ منعقد کرکے آگ سے کھیل رہا ہے۔ عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ طاقت کے ذریعے اس میلے کا انعقاد رکوائیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے کہا کہ صہیونی میونسپلٹی کی جانب سے بئر سبع کی جامع مسجد الکبیر میں پانچ اور چھ ستمبر کو شراب میلے کا اعلان کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے۔ عالم اسلام اپنے مذہبی مرکز کو شراب جیسی مکروہ اور حرام چیز سے آلودہ ہونے سے بچائیں۔
ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے عرب ممالک، اسلامی تعاون تنظیم اور مسلم دنیا میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی دیگر تنظیموں سے بھی اپیل کہ وہ اپنی اپنی جگہ پر صہیونی حکومت کے اس مکروہ اقدام کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔ خیال رہےکہ اسرائیلی حکومت نے فلسطینی شہربئر سبع میں آج پانچ اور کل چھ ستمبر کو دور روزہ شراب میلے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔دوسری جانب فلسطین بھر میں مسجد میں شراب میلے کے انعقاد کو روکنے کے آج احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین