فلسطینی مغربی حصے غزہ کی پٹی کی پولیس کے ترجمان ایمن البطنیجی کا کہنا ہے کہ پولیس نے غزہ کے جنوبی شہر رفح میں تحریک فتح کے ضلعی صدر منذر البردویل کے گھر کے سامنے پھٹنے والے دھماکہ خیز مواد کے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز علی الصبح منذر البردویل کے گھر کے سامنے نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا تھا۔ یہ دھماکہ رفح شہر کی وسطی ’’الجنبیہ‘‘ کالونی کے علاقے البلبیسی میں ہوا جس سے گھر کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، دھماکے کی زد میں منذر البردویل کی کار بھی آئی۔
عینی شاہدین نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کو بتایا کہ دھماکے کے فورا بعد اسرائیلی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور موقع پرموجود شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ دھماکے کی جگہ کا گھیراؤ کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ کچھ ہفتے قبل غزہ میں تحریک فتح کے ایک ذمہ دار کو اسی تحریک کے بعض ناراض عناصر نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے کی گئی تفتیش کے مطابق یہ حملہ فتح کے اندرونی اختلافات کا شاخسانہ تھا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین