غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی حج وعمرہ ٹور آپریٹرز نے غزہ کی پٹی کے فلسطینی عمرہ زائرین کے لیے رواں عمرہ سیزن کی فیس کا اعلان کردیا ہے۔ غزہ کے شہریوں کے لیے امسال عمرہ فیس 790 اردنی ریال مقرر کی گئی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حج ٹور آپریٹرز کا کہنا ہے کہ غزہ کے شہریوں کے لیے عمرہ کی مدت 14 دن مقرر کی گئی ہے۔ ان میں سے 11 دن وہ مسجد حرام سے 1500 میٹر دور ہوٹل میں قیام کریں گے جب کہ تین دن اور تین راتیں مدینہ منورہ میں رہیں گے۔
غزہ کی پٹی کے شہریوں کی عمرہ رجسٹریشن کا کل 19 فروری سے آغاز کردیا گیا ہے۔ کل جمعرات 21 فروری تک رجسٹریشن کی سہولت موجود رہے گی۔ غزہ کے شہری شہر میں وزارت اوقاف کے کسی بھی دفتر میں اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ کے 1064 شہری ماہانہ چار پروازوں کے ذریعے مصر کے راستے حرمین شریفین عمرہ کا سفر کرسکیں گے۔