رامون جیل کی اسرائیلی انتظامیہ نے پیر کے روز فلسطینی خاندانوں کو اپنے پیاروں سے ملاقات کرنے سے روک دیا۔ یاد رہے کہ پیر کا روز قیدیوں کی ملاقاتوں کا دن ہوتا ہے۔
قید کی زنجیر توڑنے کے لئے قائم بین الاقوامی اسمبلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حلال احمر نے غزہ سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے خاندانوں کو بتایا ہے کہ وہ اپنے پیاروں سے ملاقات نہیں کرسکتے۔
رامون جیل کی انتظامیہ نے یہ فیصلہ قیدیوں کے احتجاج کے بعد ان کو سزا دینے کے لئے کیا ہے۔ قیدیوں نے شہید اسیر میسرہ ابو حمدیہ کی شہادت کی مذمت کرنے اور جیل میں موجود صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کا مطالبہ کرنے کے لئے ایک احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔
اسرائیلی جیل انتظامیہ نے ابھی حال ہی میں چھ سال کے وقفے کے بعد غزہ کے خاندانوں کو اپنے پیاروں سے ملنے کی اجازت دی ہے۔ یہ اجازت مصر کی ثالثی میں حماس کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں ملی تھی۔ مگر جیل انتظامیہ نے متعدد ہفتے پہلے قیدیوں کو ان کے خاندانوں سے ملاقات کرنے سے روکنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں غزہ سے تعلق رکھنے والے 450 کے قریب فلسطینی قید ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین