اسرائیلی فوج نے آج منگل کی علی الصبح غزہ کی پٹی کےجنوبی شہر رفح کی مشرقی حدود کی سرحدوں میں داخل ہو کر فلسطینی املاک اور اراضی کو روند ڈالا۔
ادھر شمالی غزہ کے علاقے جبالیا میں بھی اسرائیلی فوج کی جانب سےفلسطینی گھروں پر گولہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رفح کے عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے چار بلڈوزر اور تین ٹینک غزہ کی حدود میں ڈیڑھ سو میٹر تک اندر داخل ہو گئے۔ اس دوران صہیونی فوجی اہلکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں اور زرعی اراضی پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے کوئی شخص فائرنگ کی زد میں نہ آیا۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقے جبالیا میں بھی ایسا ہی ایک حملہ کیا گیا یہاں صہیونی ٹینک سرحد سے دو سو میٹر اندر غزہ میں آ کرغارت گری کرتے رہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اندھا دھند فائرنگ کے دوران صہیونی بلڈوزروں اور ٹینکوں نے سرحد کے قریب واقع فلسطینی زرعی اراضی کو مکمل طور پر روند ڈالا جس سے فلسطینیوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جوابی کارروائی
اسرائیل کی جانب سے دو حملوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی اسرائیلی فوج پر جوابی حملہ کیا ہے اور کرم ابو سالم کراسنگ کے قریب موجود اسرائیلی فوج پر چار ھاون طرز کے میزائل داغنے کا دعوی کیا ہے۔
غزہ کی پٹی میں موجود ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں کی جوابی کارروائی کے بعد دراندازی کرنے والے اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزروں کو واپس جانا پڑا۔