قطرکی جانب سے فلسطینی محصورشہر غزہ کی پٹی میں تعمیرنو کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ غزہ میں تعمیراتی سامان کی منتقلی میں اب کوئی رکاوٹ نہیں رہی ہے اور وہ مصر کے راستے رفح بارڈر سے آزادانہ طریقے سے تعمیراتی میٹریل منتقل کر رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرت ہوئے قطری تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین محمد العمادی نے کہا کہ انہوں نے مصری صدر ڈاکٹرمحمد مرسی سے تعمیراتی سامان کی غزہ ترسیل سہل بنانے کی درخواست کی تھی، انہوں نے ہماری درخواست منظور کرتے ہوئے تعمیراتی سامان کی منتقلی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں فوری ہٹانے کے احکامات دیے ہیں۔ جس کے بعد اب غزہ کی پٹی میں امدادی سامان اور تعمیراتی سازو سامان کی منتقلی کا بحران ختم ہو چکا ہے۔
العمادی کا کہنا تھا کہ غزہ کی تعمیرنو میں دوحہ کے علاوہ کئی دوسرے خلیجی، عرب اور اسلامی ممالک بھی شامل ہیں، تاہم قطر کی جانب سے غزہ کی تعمیرنو کے پروجیکٹ اپنے طورپرشروع کیے گئے ہیں۔ ہمیں مصری حکومت کی طرف سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ غزہ کی پٹی میں تعمیراتی اشیاء کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے سنہ 2009ء میں غزہ کی پٹی پرمسلط کردہ جنگ میں ہزاروں کی تعداد میں مکان، دکانیں، تجارتی مراکز، مساجد اورحکومتی دفاترکو بمباری کے ذریعے تباہ کردیا تھا۔ تباہ حال عمارتوں اور مکانوں کی تعمیرمیں قطر سمیت کئی دوسرے ملکوں کی طرف سے دسیوں تعمیراتی منصوبے روبہ عمل ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
