(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مائیکل لینک نے کہا ہے کہ شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اگر فوری طور پر غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا گیا توانسانی المیہ کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ میں مقبوضہ فلسطین کے امور کے ماہر مائیکل لینک نے غزہ میں عالمی وباء کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز محصور شہر میں انسانی المیہ کا سبب بن سکتے ہیں۔
انھوں نے عالمی برادری سے غزہ کی تشویشناک صورتحال پر اپنا کردار ادارکرنےکی اپیل کرتے ہوئےاسرائیل کے ہاتھوں غزہ کا تیرا سالہ غیر قانونی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنےمیں آرہا ہے، شہر میں آج کورونا وائرس کے 80 نئے کیسز رپورٹ کیئے گئے ہیں جبکہ شہر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 1506 ہوگئی ہے۔