فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے توپخانے سے شدید بمباری کی ہے تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی. ادھر صہیونی بحریہ کی فائرنگ سے ایک فلسطینی ماہی گیر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب غزہ کے مشرق میں شہداء قبرستان کے قریب پانچ راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی طلاع موصول نہیں ہوئی. فلسطینی میڈیکل و ایمرجنسی سروسز کے ترجمان ادھم ابوسلیمہ نے مرکز اطلاعات کو بتایا کہ صہیونی فوج کی توپخانے سے کی گئی گولہ باری سے شہداء قبرستان اور متعدد عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے. ادھر بدھ کی شام صہیونی بحری فوج کی فائرنگ سے غزہ کے ساحل پر سمندر میں مچھلیاں پکڑنے والے ایک ماہی گیر پر فائرنگ سے ماہی گیر زخمی ہو گیا. زخمی ماہی گیر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے. خیال رہے کہ حالیہ چند روز کے دوران صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی پر اپنی جارحیت میں اضافہ کر دیا ہے . بدھ کو صہیونی فوج کے لڑاکا طیاروں نے غزہ میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک تربیتی مرکز پر حملہ کر کے حماس کے دو کارکن شہید کر دیے تھے.