اسرائیل کے جاسوس طیارے نے غزہ کے شمال مغربی علاقے پر بمباری کر کے ایک فلسطینی کو شہید اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔ ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کے مطابق منگل کی علی الصبح کی گئی اس بمباری میں ایک موٹر سائیکل کو ہدف بنایا گیا تھا۔
اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے عسکری مرکز کے دروازے کے قریب بمباری کر کے اسرائیل نے ایک بار پھر گزشتہ سال نومبر میں مصری ثالثی میں کیے گئے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس سے قبل بھی صہیونی فوج درجنوں پر غزہ میں دراندازی، فضائی حملوں اور ساحل پر فائرنگ کرکے اس معاہدے کی دھجیاں اڑا چکی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں جب سے نئی حکومت قائم ہوئی ہے، صہیونی حکام کی جانب سے غزہ پر حملے کی دھمکیاں تیز ہوگئی تھیں۔ اسرائیلی نے سال 2008ء کے آخر اور سال 2009ء کے شروع میں 23 روزہ غارت گری اور نومبر 2012ء کی آٹھ روزہ غارت گری کے بعد ہونے والی ہزیمت کے بعد غزہ پر مزید حملوں کی ٹھان رکھی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین