(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل غزہ کی پٹی پر مسلسل 467ویں دن بھی دہشتگردانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں فضائی بمباری اور توپ خانے کے ذریعے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، کل منگل تک کی تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، اس نسل کشی میں 46,645 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 110,012 زخمی ہوئے ہیں۔ اب بھی کئی متاثرین ملبے تلے دبے ہیں یا ایسی جگہوں پر ہیں جہاں ریسکیو ٹیمیں اور امدادی عملہ پہنچ نہیں سکتا۔
بدھ کی صبح صیہونی بمباری کے نتیجے میں النصیرات کیمپ کے بلاک 2 میں نصار خاندان کے گھر پر حملے سے خواتین اور بچوں سمیت 7 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، النصیرات کے بلاک 1 پر ایک اور حملے میں ایک اور شخص شہید اور کئی زخمی ہوئے۔
وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں بلاک 1 میں ایک گھر پر غیر قانونی صیہونی بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
غزہ کی شہری دفاعی ٹیم نے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے الفارابی اسکول سے، جو یرموک اسٹریٹ میں شمالی غزہ کے پناہ گزینوں کو پناہ دیتا تھا، حرازین خاندان کے 5 افراد کی لاشیں اور کئی زخمیوں کو نکالا۔ یہ اسکول بھی صیہونی بمباری کا نشانہ بنا۔
اس کے علاوہ، غیر قانونی صیہونی ریاست کی فوج نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزيتون کے علاقے، اور شمالی غزہ کے الصفطاوی علاقے میں کئی رہائشی مکانات کو زمین بوس کر دیا۔
شیخ رضوان کے علاقے میں واقع النادي الأهلي پر بمباری سے بھی کئی شہید اور زخمی ہوئے، جو پناہ گزینوں کو پناہ فراہم کرتا تھا۔
جنوبی غزہ کے خان یونس میں المواصل علاقے میں ایک خیمہ، جو پناہ گزینوں کا مسکن تھا، پر صیہونی جنگی ہیلی کاپٹروں کے حملے سے کئی افراد زخمی ہوئے۔
اسی دوران، خان یونس کے مشرقی علاقے عبسان الکبیرہ میں صیہونی فوج کی زمینی فائرنگ سے بھی لوگ متاثر ہوئے
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور (UNOCHA) نے کہا ہے کہ شمالی غزہ کے فلسطینی ایک المناک اور غیر محفوظ صورتحال سے دوچار ہیں، جبکہ صیہونی ریاست کی جارحیت اور شدید فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ دفتر نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر میں شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں، "اوچا” نے کہا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی امداد کی فراہمی کی کوششوں کو مسلسل مسترد کر رہی ہے۔