اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں بدھ 23 جولائی کو مزید ایک افسر سمیت تین فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
جھڑپوں میں متعدد صہیونی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
اسرائیلی اخبار”معاریف” کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں گذشتہ روز مارے جانے والے فوجیوں کا تعلق اسرائیل کی چھاتہ بردار یونٹ سے تھا جو ہیلی کاپٹر کی مدد سے خان یونس کے علاقے میں اتارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں فرسٹ سارجنٹ باز الیھاؤ 19 سالہ لی مات اور 20 سالہ شاحرداؤپر شامل ہیں۔ تین مزید فوجیوں کی ہلاکت کے بعد غزہ میں زمینی فوجی کارروائی کے بعد اب تک 32 فوجیوں کے ہلاک اور 250 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کےعسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ گذشتہ روز مشرقی خان یونس میں القرارہ کے مقام پر ایک بارودی سرنگ حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ غزہ کی سرحد پر واقع اسرائیلی فوجی چھاؤنی”کیسوفیم” سے چند سو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ القسام بریگیڈ نے بھی کارروائی میں کم سے ایک افسر سمیت کم سے کم تین فوجیوں کے ہلاک اور 15 کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی، زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
