غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی پابندیوں کے نتیجے میں شہری علاج کی سہولت سے محرومی کے باعث زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کےمطابق اسرائیلی پابندیوں کے باعث اب تک 8 فلسطینی مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان میں سے تین فلسطینی مریض رواں سال کے دوران فوت ہوئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مرکز برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے مریضوں کے بیرون ملک علاج اسرائیلی پابندیاں بدستور برقرار ہیں جس کے نتیجے میں غزہ میں لا علاج کیے گئے فلسطینی زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔ رواں سال بھی ایسے ہی تین مریض دم توڑ گئے۔ ڈاکٹروں نے انہیں غزہ کی پٹی سے باہر لے جانے کی کوشش کی تھی مگر صیہونی حکام کی طرف سے انہیں غزہ سے غرب اردن لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انسانی حقوق کی تنظیم نے صیہونی ریاست کی انتقامی پالیسی کی شدت کے ساتھ مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غزہ میں بیماروں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے سنہ 2006ء میں فلسطین میں پارلیمانی انتخابات میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کے بعد غزہ کے عوام کو اجتماعی سزا کے طور پر غزہ پر معاشی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ غزہ پر اسرائیلی پابندیوں اور مظالم کو 12 سال کا عرصہ بیت گیا ہے۔