(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں دو روز قبل ایک سرنگ میں دب تک شہید ہونے والے سات فلسطینی مزاحمت کاروں کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ شہداء کے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں سرنگ کے حادثے میں شہید ہونے والے سات مجاھدین کو پوری فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ شہداء کی نماز جناز جنازہ کے جلوسوں میں جہاں رقت آمیز مناظر دکھائی دے رہے تھے وہیں ہزاروں کی تعداد میں شہری نماز جنازہ کے جلوسوں میں موجود تھے۔تمام شہداء کی الگ الگ نماز جنازہ کے بعد شہداء قبرستان میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی جہاں تین لاکھ سے زائد شہری موجود تھے۔
شہداء کی اجتماعی تدفین سے قبل نماز جنازہ کا جلوس غزہ میں جامع مسجدد العمری سے شہداء قبرستان کی جانب روانہ ہوا۔ بعد ازاں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اسماعیل ھنیہ نے نماز جمعہ کی امامت کے بعد جنازے کے شرکاء سے بھی خطاب کیا۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ کی مرمت کے دوران سرنگ بیٹھ جانے سے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے سات کارکن شہید ہوگئے تھے۔ شہید ہونے والے کارکنوں کی شناخت ثابت عبداللہ ثابت الریفی، غزوان خمیس قیشاوی الشوبکی، عزالدین عمر عبداللہ قاسم، وسیم محمد سفیان حسونہ، محمود طلال محمد بصل، نضال مجدی رمضان عودہ اور جعفر علاء ہاشم حمادہ کے نام سے کی گئی تھی۔
