(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کی کل آبادی تقریبا 10 لاکھ 90 ہزار کے لگ بھگ ہے جس میں سے 8 لاکھ افراد بے روزگار اور شہر میں غربت کی شرح 85 فیصد ہے۔
مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر قابض صیہونی ریاست کی جانب سے عائد کردہ غیر قانونی محاصرے کو 13 سال گزر گئے ہیں اسرائیلی ناکہ بندی کے اثرات کے خاتمے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ناکہ بندی کے نتیجے میں غزہ میں غربت کی شرح 85 فی صد تک پہنچ چکی ہے۔
غیر قانونی اسرائیلی محاصرے کے خلاف کام کرنے والی کمیٹی کے چیئرمین جمال الخضری نے بتایا کہ موجودہ عالمی کورونا کی وبا اور اسرائیلی ناکہ بندی نے غزہ کی پٹی کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں جس کے باعث شہر میں بے روزگار افراد کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔
الخضری کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں 85 فی صد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پرمجبور ہے۔ غربت کے تناسب میں غیرمعمولی اضافہ عالمی برادری سے فوری اقدامات اور مداخلت کا تقاضا کرتا ہے۔