(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق غزہ شہر میں ہونے والی ایک جھڑپ کے دوران قابض اسرائیل کے تین فوجی زخمی ہو گئے۔ عبرانی ذرائع نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صیہونی فوجیوں کو غزہ شہر میں ایک جھڑپ کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیلی افواج نے رواں ماہ کے آغاز سے ہی غزہ پر اپنی جارحیت میں شدت پیدا کر رکھی ہے۔ اس دوران مسلسل فضائی اور زمینی حملے کیے جا رہے ہیں، رہائشی عمارتوں اور بلند ٹاوروں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور گھروں کے درمیان دھماکہ خیز گاڑیاں اڑا کر شہری آبادی کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ قابض اسرائیل نے ساتھ اکتوبر 2023 سے غزہ پر ایک جامع جنگ مسلط کر رکھی ہے، جس کے دوران غزہ کے نہتے عوام پر قتلِ عام، تباہ کن بمباری اور قحط مسلط کرنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ اس کے باوجود فلسطینی مزاحمتی جماعتیں خاص طور پر القسام بریگیڈز مسلسل میدان میں سفاک صہیونی دشمن کے سامنے ڈٹی ہوئی ہیں اور مختلف محاذوں پر قابض فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا رہی ہیں۔