مختلف عرب اور اسلامی ممالک میں کام کرنے والے امدادی اداروں کا ایک وفد فلسطینی محصور شہرغزہ کی پٹی میں پہنچا ہے۔ وفد میں اسلامی تعاون تنظیم” او آئی سی”،
برطانیہ میں قائم اسلامک ریلیف، عرب ڈاکٹر یونین اور کئی دوسرے ممالک کے امدادی اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل گیارہ رکنی وفد نے غزہ کی پٹی میں مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امدادی اداروں کے وفد کی غزہ آمد کے موقع پر سرکاری اور عوامی سطح پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جب لوگوں کو خبر ہوئی کہ عالمی اور اسلامی امدادی اداروں کا ایک وفد غزہ کی سرحد سے رفح بارڈر سےاندر داخل ہونے والا ہے تو اس خبر پر بڑی تعداد میں لوگ سرحد پر جمع ہوگئے۔بعد ازاں انہیں ایک عوامی قافلے کی شکل میں غزہ کی پٹی میں لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق امدادی قافلے کے وفد میں مصر میں ہنگامی ریلیف کمیٹی کے سیکرٹری جنرل ابراہیم الزعفرانی اور اسلامی کانفرنس کے مدیر برائے امور حادثات رامی انشاصی شامل ہیں۔ بعد ازاں وفد نے غزہ میں فلسطینی وزات صحت کے ترجمان محمد عکاشہ کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس میں اپنی آمد کی غرض وغایت بیان کی۔ اسلامی تعاون تنظیم کے عہدیدار نے کہا کہ انہیں غزہ کی پٹی میں ادویہ اور خوراک کی قلت پر گہرا دکھ ہے اور وہ دیگر اسلامی اور عرب امدادی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ کی پٹی میں ادویہ کے بحران کا مستقل حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ یہ وفد ایک سروے کرکے واپس جائے گا جس کے بعد مشترکہ ریلیف قافلے غزہ کی پٹی میں روانہ کیے جائیں گے۔ اس موقع پر فلسطینی وزات صحت کے ترجمان نے وفد کی آمد پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کہ وفد غزہ کی محصورین کی مشکلات کا حقیقی ادراک کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوگا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین