فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسطی قصبے دیر البلح میں سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے فلسطینی ماہی گیروں پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم دو ماہی گیر زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوجی کشتیوں نے ساحلی قصبے دیر البلح کی سمندری حدود میں فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کی کشتیاں الٹ گئیں اور دو ماہی گیر زخمی ہوگئے۔
وزارت صحت نے زخمی ہونے والے ماہی گیروں کی شناخت 41 سالہ ھیثم علی الھبیل اور 38 سالہ ایاد جواد بکر کے ناموں سے کی ہے۔ ایک کو درمیانے درجے کے جب کہ دوسرے کو معمولی زخم آئے ہیں۔ دونوں زخمیوں کو دیر البلح کے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے سال اگست کے آخر میں مصر کی ثالثی کے تحت اسرائیل اور غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ معاہدے کے تحت غزہ کے ماہی گیروں کو 10 کلو میٹر سمندر میں ماہی گیری کا حق دیا گیا تھا مگر عملا فلسطینیوں کو تین میل سے آگے نہیں جانے دیا جاتا ہے۔