غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) جمعہ کواسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے دو فلسطینی بچوں کو کل ہفتے کے روز دفنا کردیا گیا۔ دونوں شہداء کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہید حمزہ اشتیوی اور 14 سالہ حسن شلبی کی ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
دونوں فلسطینیوں کی نماز جنازہ میں عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد شہداء کے آخری دیدار کے لیے امڈ پڑی تھی۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز غزہ کی پٹی میں حق واپسی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے سترہ سالہ حمزہ اشتیوی اور 14 سالہ حسن شلبی جام شہادت نوش کر چکے تھے۔
دونوں کی نماز جنازہ کے جلوسوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔غزہ کی پٹی میں 30 مارچ 2018ء سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران صیہونی ریاستی دہشت گردی میں 270 سے زائد فلسطینی شہید اور 27 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔