(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کو علی الصباح جنوبی شہر خان یونس کے شمال مشرقی قصبے القرارہ میں دراندازی کی اور سرحدی علاقوں پرگولہ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج کی گولہ باری سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے متعدد ٹینک اور کم سے کم چار بلڈوز غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے۔ صہیونی ٹینک اور بلڈوزر سریج فوجی کیمپ کے قریب غزہ میں کئی سو میٹر اندر داخل ہونے کے بعد گھنٹوں گشت کرتے رہے۔
بلڈوزروں کی مدد سے فلسطینی شہریوں کی زرعی اراضی کی کھدائی کی گئی اور قیمتی درخت اکھاڑ پھینکے۔ اسرائیلی فوج کی دراندازی کے وقت صہیونی جنگی طیارے اور بغیر پائلٹ ڈرون طیارے بھی مسلسل فضاء میں گردش کرتے رہے جس کے نتیجے میں شہریوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے غزہ کی پٹی میں تین مقامی کاشت کار زخمی ہوگئے تھے۔