اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں جام شہادت نوش کرنے والے القسام بریگیڈ کے کمانڈر خالد ابوبکرہ کوہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مشرقی غزہ میں ہوئی نماز جنازہ اور تدفین میں حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے بھی شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ملٹری ونگ القسام شہید بریگیڈ کے ایریا کمانڈرخالد ابو بکرہ اور صہیونی فوج کے درمیان اتوار کو ایک طویل جھڑپ ہوئی تھی۔ جھڑپ میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ بعد ازاں صہیونی فوج کی گولیاں لگنے سے خالد ابوبکرہ شہید ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوجی شہید کی میت ساتھ لے جانے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور مجاہدین نے میت کو قبضے میں لے لیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق نماز جناہ میں وزیراعظم اسماعیل ھنیہ، اراکین قانون ساز کونسل، وزراء اور مختلف عسکری تنظیموں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔