اسرائیلی فوجی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ کی پٹی کے قریب سے گذرنے والی تیز رفتار ٹرین سروس کو حماس نے نشانہ بنایا تو اسے غیر معمولی پرتشدد ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
فلسطینی حکومت کی مقرب خبر رساں ایجنسی ‘الرائے’ نے چند روز قبل غزہ کی پٹی کے قریب سے گذرنے والی تیز رفتار اسرائیلی ٹرین کا ایک ویڈیو کلپ اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا تھا جس کے بعد سے فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اسے نشانہ بنانے کے امکانات سے متعلق افواہیں پھیلنا شروع ہو گئی تھیں۔
صہیونی فوجی ذرائع نے "والا” نامی ویب پورٹل کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جدید ترین میزائلوں کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد اسرائیلی تیز رفتار ٹرین کو ہدف بنانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ انہی ذرائع نے یہ بھی واضح کیا کہ اسرائیلی فوج کے پاس انتہائی مستند اور اعلی درجے کی خفیہ اطلاعات ہیں اور کسی بھی ایسے واقعے کی صورت میں صہیونی فوج اس کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ بہ قول ذرائع غزہ پر مسلط اسرائیلی جنگ کے بعد سے دونوں فریقین کے پاس موجود طاقت کا توازن کھل کر سامنے آ چکا ہے۔
یاد رہے کہ فاسٹ ٹریک ٹرین کا گذشتہ برس دسمبر میں افتتاح ہوا۔ اسرائیلی وزارت مواصلات صہیونی ریاست کے جنوبی حصے میں اس ٹرین سروس کی اہمیت اجاگر کرنے کی غرض سے اہالیاں جنوب کو مختلف قسم کی مراعات دیکر اس میں سفر پر آمادہ کرتی رہی ہے۔ ان میں چھے ماہ تک اس ٹرین میں مفت سفر کی سہولت بھی شامل تھی، تاہم تمام تر حکومتی کوششوں کے باوجود اسرائیلی شہری سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس تیز رفتار ٹرین میں سفر سے کتراتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
