غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں اور مصر میں قید چار فلسطینیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے چاروں فلسطینیوں کی رہائی اور بہ حفاظت غزہ واپسی کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مصری حکومت کی طرف سے چاروں فلسطینیوں کی رہائی پر قاہرہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ مصری حکام کے ساتھ طویل بات چیت کے دوران قاہرہ میں قید فلسطینیوں کی رہائی پر بات چیت کی گئی تھی جو نتیجہ خیز اور مثبت ثابت ہوئی ہے۔
برادر ملک مصر نے جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں فلسطینیوں کو رہا کردیا ہے۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل 24 دن تک مصرمیں رہے جہاں ان کی مصری حکام کے ساتھ تمام اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ 19 اگست 2015ء کو غزہ سے مصرجانے والے چار فلسطینیوں یاسر زنون، حسین الزبدہ، عبداللہ ابو الجبین اور عبدالدائم ابو لبدہ کو رفح گزرگاہ گذرنے کے بعد فوجی وردی میں ملبوس افراد نے بس سے اتار کر حراست میں لے لیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ لاپتا ہیں مگر حال ہی میں معلوم ہوا ہے کہ انہیں مصری انٹیلی جنس حکام نے حراست میں لیا ہے۔
بائیس اگست 2016ء کو وسطی قاہرہ کے ’’لاظوغلی‘‘ نامی جیل سے ایک تصویر لیک کی گئی تھی جس میں چار میں سےدو قیدیوں کو یاسر زنون اور عبد الدائم کو قید دیکھا جا سکتا ہے۔