(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ڈاکٹر صابر ابو مریم نے فلسطینی رہنما ڈاکٹر ناجی اور ترک رہنما مظفر اوغلو کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں فلسطین و کشمیر کی مشترکہ جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں اپنا کردار ادا کرتی رہےگی ۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے اہم رہنما ڈاکٹر ناجی ذھیر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سےکراچی میں ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں ترکی کی اہم ترین امدادی تنظیم الخیر کے سیکرٹری مظفر اوغلو بھی موجود تھے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے فلسطینی رہنما ڈاکٹر ناجی اور ترک رہنما مظفر اوغلو کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا تاہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی گفتگو کے دوران فلسطین سے متعلق خطے کی موجودہ صورتحال اور عرب ممالک کی جانب سے مسلسل غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاملہ پر تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عرب ممالک کا اسرائیل کو تسلیم کرنا فلسطین سمیت عالم اسلام کے ساتھ سنگین غداری اور مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ کے مترادف ہے ۔
فلسطینی رہنما ڈاکٹر ناجی نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے فاؤنڈیشن کے کردار اور انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں کی آواز کو پہنچانے اور مسئلہ فلسطین سے متعلق آگہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے تاہم اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر مستقبل میں فلسطین و کشمیر جیسے اہم مسائل کو اجاگر کریں گے ۔
واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے فلسطینی رہنما ڈاکٹر ناجی اور ترک رہنما مظفر اوغلو کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں فلسطین و کشمیر کی مشترکہ جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔