اسرائیل کی آٹھ روزہ جارحیت کے بعد سے عرب اور اسلامی ممالک کے سربراہان کی جانب سے غزہ کا دورہ کرنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ تیونس کی مجلس قانون ساز کے سیکرٹری جنرل عبدالسلام صیام کے اعلان کے مطابق اگلے ماہ تیونسی صدر منصف مرزوقی بھی غزہ پہنچیں گے۔
اس دورے کا مقصد گزشتہ چھ سال سے اسرائیلی محاصرے میں گھرے اہالیان غزہ سے اظہار یک جہتی ہے۔
عبدا لسلام صیام نے اتوار کے روز مقامی روزنامے ”فلسطین” کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تیونس کی حکومت نے صدر کے دورہ غزہ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ منصف مرزوقی غزہ پہنچنے والے بڑے قدکاٹھ کے رہنما ہیں ، ان کے دورے کا عرب اور اسلامی دنیا کے علاوہ شمالی افریقا کے ممالک پر بھی اثر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ صدر کے اس دورے کے فلسطینیوں کے حالات پر سیاسی و غیر سیاسی مثبت اثرات مرتب ہونگے اور تیونس اور فلسطین کے عوام بھی مزید قریب آئیں گے۔انہوں نے یاد دلایا کہ حالیہ عرصے میں تیونس نے ہر موقع پر غزہ کی بھرپور حمایت کی ہے۔
خیال رہے کہ تیونسی صدر سے قبل کل پیر کے روز ملائشیا کے وزیر اعظم محمد نجیب بھی غزہ پہنچ رہے ہیں، ان کے ہمراہ ملائشیا کا بڑا وفد بھی ہوگا، ان کا یہ دورہ اسلامی دنیا کے کسی بھی ملک کے وزیر اعظم کی جانب سے غزہ کا پہلا دورہ ہوگا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین