مصری وزیراعظم ھشام قندیل نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کو فلسطینی محصور شہر غزہ کی پٹی کےشہریوں کی مشکلات کا بخوبی احساس اور ادراک ہے، وہ مصر میں جاری توانائی کے بحران کو غزہ کو فراہم کردہ بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصری وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں توانائی کا شدید بحران پیدا ہوا تھا لیکن وہ عارضی تھا، ہم نے جلد ہی اس کا متبادل حل تلاش کرلیا ہے۔ بحران کےدنوں میں بھی ہم نے غزہ کو دی گئی بجلی کی فراہمی معطل نہیں کی ہے۔
وزیراعظم قندیل نے قاہرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بجلی کو ہدایت کی کہ وہ غزہ کو دی گئی بجلی میں کمی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے لیے صرف 22 میگاواٹ بجلی جاری کی گئی ہے، جس کو روک کر مصر میں توانائی کے تازہ بحران پر قابو نہیں پایا جاسکتا ہے۔ نیوز کانفرنس میں توانائی اور بجلی کے وزیربھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کو جو بجلی دی جا رہی ہے اس کے تمام تر واجبات عرب لیگ کی جانب سے بروقت ادا کردیے جاتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین