فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں مقبوضہ بیت المقدس کی قدیم تاریخی دیوار کے نمونے پر بنائی گئی ایک خوبصورت دیوار کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ دیوار کی افتتاحی تقریب میں اہم حکومتی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخی دیوار کے نمونے پر غزہ میں مجلس قانون ساز کے احاطے میں ایک علامتی دیوار کی تیاری اور اس کے نقش ونگار کا کام کئی ماہ سے جاری تھا، جسے مکمل کیے جانے کے بعد عام زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دیوار کا افتتاح غزہ میں فلسطینی وزیر ثقافت و امور نوجوانان ڈاکٹر محمد مدھون نے کیا۔ تقریب میں مجلس قانون سازکے اراکین کے علاوہ15 پیشہ ور سنگ تراشوں اور معماروں نے شرکت کی۔ انہی ماہرین فن کی کاوشوں سے یہ دیوار تیار کی گئی ہے۔ 80 میٹر طویل اس دیوار پر مسجد اقصیٰ، بیت المقدس کے اہم تاریخی مقامات، اسرائیلی مظالم، فلسطینیوں کے جذبہ استقامت اور مزاحمت، یہودی آباد کاری اور بیت المقدس کو یہودیانے کی صہیونی سازشوں کو ماہرین نے کمال مہارت کے ساتھ پر منقش کیا ہے، جنہیں دیکھنے والا متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے امور نوجوانان ڈاکٹر محمد مدھون نے بتایا کہ علامتی دیوار کی تیاری کے لیے اسلامک یونین آف ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن، فیڈریشن آف انٹرنیشنل آن لائن میڈیا، انٹرنیشنل عرب نیوز ایجنسی”العرب آن لائن” اور فلسطینی وزارت ثقافت کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔
ڈاکٹر مدھون کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کی قدیم دیواروں کے نمونوں پر مشتمل اس دیوار کا افتتاح "عالمی یوم القدس” کے موقع پر کیا گیا ہے۔ یہ دیوار فلسطینیوں کی تاریخ سازجدو جہد آزادی ،صہیونی مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی زندہ تصویروں سے عبارت ہے۔ دیوار پر صہیونی مظالم کے نتیجے میں خالی ہونے والے دیہات کو جس خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ معماروں نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک دیوار ہی کھڑی نہیں کر دی ہے بلکہ دیوار پرمنقش ایک ایک تصویر اپنے پس منظرمیں طویل تاریخ اور فلسطینیوں کی لازوال قربانیوں کی جدو جہد کی کہانی بیان کرتی ہے۔
فلسطینی وزیر نے دیوار کی تیاری میں حصہ لینے اور اس میں مدد کرنے والے تمام اداروں اور شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔ یوم القدس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مدھون نے ایران کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے فلسطینیوں کے حمایت میں موقف کو سراہا۔ انہوں نے حسن روحانی کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد بھی پیش کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین