فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کے بارڈر حکام نے کہا ہے کہ ایک ماہ کی بندش کے بعد مصری حکومت نے آج اتوار اور کل پیر کے روز دو دن کے لیے رفح بارڈر کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطینی محکمہ گذرگاہ و بارڈر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دو روز کے دوران بارڈر کھولے جانے کے دوران غزہ کے سیکڑوں معتمرین عمرہ کی ادائی کے لیے مصر کے راستے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ اس کےعلاوہ سرحد کے آر پار پھنسے مسافروں کو بھی اپنی منزل مقصد تک پہنچنے کا موقع دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سے عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپسی بڑی تعداد میں غزہ کے شہری مصر کی جانب روک لیے گئے تھے۔ امکان ہے کہ مصری حکام منگل کو بھی گذرگاہ کھلی رکھیں گے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ معتمرین کے دو قافلے مصرے سے غزہ میں داخل ہوچکے تھے جبکہ تیسرا اور چوتھا قافلہ آج اتوار اور کل پیر کو غزہ آئے گا۔
خیال رہے کہ مصری حکام نے ایک ماہ قبل رفح بارڈر پر دو طرفہ آمد و رفت بند کردی تھی جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کو ضروری سامان کی ترسیل بھی بند ہوگئی تھی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بارڈر کو بند کیے جانے پر مصری حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ راہ داری کی بندش کے نتیجے میں غزہ سے علاج کے لیے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین