فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کی حکومت کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ انہوں نے امیرقطر کے محصور شہر کے دورے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ امیرقطر کی آمد کو غزہ کی معاشی ناکہ بندی کے خاتمے کے قومی دن کے طورپر یاد رکھیں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق الاقصیٰ ٹی وی پرنشراسماعیل ھنیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج منگل کا دن فلسطین کا قومی دن ہوگا کیونکہ اس روز ہمارے درمیان ایک عظیم عرب لیڈر امیرقطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی تشریف لانے والے ہیں۔ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ انہوں نے ریاست قطر کے سربراہ اور ان کی اہلیہ سمیت اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اب میں پوری قوم سے اپیل کروں گا کہ وہ اپنے مہمان کے استقبال کے لیے استقبالیہ جلوسوں میں شرکت کرے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اپنے دورہ غزہ کے دوران تباہ حال شہرمیں تعمیرنو کے لیے اپنی لا محدود مدد کا بھی اعلان کریں گے اور پروگرام کے مطابق وہ کئی نئے ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام امیرقطرکے دورہ غزہ کو اپنے لیے باعث سعادت سمجھتے ہیں اور آج ہرگھرمیں امیرقطرکی آمد کاجشن منایا جا رہا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قبل ازیںوزیراعظم ھنیہ نے غزہ کی پٹی میں صحافیوں اور اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے امیر قطر کے دورے کے حوالے سے مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے بھی رابطہ کیا ہے۔ صدر مرسی نے یقین دلایا ہے کہ امیرقطر کا العریش ہوائی اڈے پراستقبال کیا جائے گا جس کے بعد مصری حکومت کے وزیر اور دیگر اہم شخصیات کے ہمراہ وہ زمینی راستے سے رفح بارڈر کی جانب روانہ کر دیے جائیں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین