فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے عیدالفطر کی مناسبت سے غزہ کی پٹی میں مختلف جرائم میں ملوث ملزمان افراد کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے وزارت قانون و انصاف کو ہدایت کی ہے کہ ان قیدیوں کی فہرست تیار کریں جو اصلاحی مراکز میں اپنی نصف اسیری پوری کر چکے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے بدھ کے روز غزہ کی پٹی میں مختلف سیکیورٹی مراکز اور جیلوں کا دورہ کیا جہاں انہوںنے قیدیوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی نصف سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی رہائی کے احکامات دیے۔
ادھر غزہ میں وزارت قانون و انصاف کے زیرانتظام تفتیشی کمیٹی برائے امور اسیران کے چیئرمین احمد الکحلوت نے میڈیا کو بتایا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر عیدالفطر کے موقع پر رہائی کے لیے قیدیوں کی ایک فہرست مرتب کر رہے ہیں۔ اصلاحی مراکز میں زیرتربیت ایسے تمام اسیران کو رہا کیا جائے گا جو اپنی اسیری کی آدھی مدت پوری کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فہرست کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کو فراہم کی جائے گی۔ جو کل تک اس کی منظوری دے دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں احمد الکحلوت کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں پولیس کے مختلف حراستی مراکز میں زیراصلاح سینکڑوں افراد موجود ہیں، جن میں سے بڑی تعداد رمضان المبارک کے آغاز میں رہا کردی گئی تھی، بقیہ افراد کو عیدالفطر کے موقع پر رہا کیا جائے گا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین