جنوبی غزہ کی پٹی سے متصل اسرائیلی سرحد پر واقع واچ ٹاورز سے صہیونی فوجیوں نے اتوار کو رات گئے جنوبی مشرقی الزیتون کالونی میں فلسطینیوں کے گھروں پر خودکار آتشیں اسلحے سے فائرنگ کی۔ فائرنگ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قابض فوج نے علاقے میں دراندازی کا بھی ارتکاب کیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غزہ کی جنوب مشرقی بلدیہ حجر الدیک میں اسرائیلی فوج کے واچ ٹاورز سے صہیونی اہلکاروں نے اتوار کو رات گئے علاقے میں فلسطینیوں کے گھروں پر فائرنگ کی۔ خودکار اسلحہ سے کی جانے والی متعدد گولیاں براہ راست فلسطینیوں کے گھروں میں پیوست ہوئیں۔
واچ ٹاورز سے کی جانے والی فائرنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیل کی اسپیشل ٹاسک فورس نے بلدیہ حجر الدیک کی جانب دراندازی کی۔ اسرائیلی فوجی دراندازی کرتے ہوئے علاقے میں ایک پلاسٹک فیکڑی تک فلسطینی علاقے میں اندر گھس آئے۔
واچ ٹاورز سے کی جانے والی فائرنگ سے سرحدی علاقے میں رہائش پذیر فلسطینیوں کو کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ اتوار کی شب کی جانے والی اسرائیلی فائرنگ گزشتہ برس نومبر میں حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین