اسرائیلی فوج نے مسلسل چوتھے روز بھی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، منگل کے روز صہیونی لڑاکا طیاروں نے غزہ کے تین مقامات کو نشانہ بنایا تاہم خوش قسمتی سے اس خوفناک بمباری میں کسی فلسطینی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ چار روز سے جاری ان حملوں میں اب تک 07 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف قدرہ نے بتایا ہے صہیونی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں الکرامہ ٹاور کے قریب ایک خالی میدان پر بمباری کی۔ اسی طرح غزہ شہر کی جنوبی زیتون کالونی میں القسام بریگیڈ کے زیر انتظام ’’مرکز بدر‘‘ کو ہدف بنایا گیا۔اسرائیلیوں کی تیسری غارت گری وسطی شہر میں ایک بجلی گھر کے قریب خالی میدان تھا۔ ان تینوں حملوں میں کوئی فلسطینی زخمی نہیں ہوا۔
’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے نے بتایا کہ ان حملوں کے بعد بھی صہیونی طیارے مسلسل غزہ کی فضاؤں میں گردش کر رہے ہیں اور مزید حملوں کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ یاد رہے کہ ہفتے کے روز سے اسرائیلی فوج روزانہ غزہ پر بمباری اور گولہ باری کر رہی ہے جس میں اب تک سات افراد شہید جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔