فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں کے ساحلی سمندر کے قریب مچھلیوں کا شکار کرنے والے فلسطینی ماہی گیروں پر اسرائیلی فوجیوں نے مشین گنوں سے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں کشتیوں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی ایک جنگی کشتی نے سوموار کی شام غزہ کی پٹی کے سمندر میں فلسطینی ماہی گیروں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں متعدد کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ ماہی گیروں کو سمندر سے واپس کنارے پر آنا پڑا۔
خیال رہے کہ اگست 2014 ء میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان طے پائے جنگ بندی معاہدے کے تحت غزہ کے ماہی گیروں کو سمندر میں چھ کلو میٹر تک ماہی گیری کی اجازت دی گئی ہے مگر صہیونی فوج فلسطینی شہریوں کو دو سے تین کلو میٹر اندر تک آنے کی اجازت بھی نہیں دیتی۔