غزہ کے مغربی ساحل پر صہیونی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ سے مچھلیوں کے شکار میں مصروف ایک فلسطینی ماہی گیر زخمی ہو گیا ہے۔ ایگری کلچر منسٹری کے فشریز ڈیپارٹمنٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی کی سمندری حدود میں فلسطینی ماہی گیروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک ماہی گیر زخمی ہو گیا۔
اسرائیلی جنگی کشتیوں میں سوار اہلکاروں نے دو فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کی، یہ کشتیاں ساحل سے دو میل کی مسافت پر موجود تھیں۔
ایگری کلچرل منسٹری نے اسرائیلی فوج کی جانب سے آئے روز فلسطینی ماہی گیروں پر کی جانے والی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جن فلسطینیوں پر حملہ کیا گیا ہے وہ ساحل سے صرف دو میل دور تھے جبکہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو چھ میل تک کی سمندری حدود میں شکار کی اجازت دے رکھی ہے۔ 22 نومبر 2012 کو مصری ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے مابین ہونے والے معاہدے میں چھ میل سمندری حدود تک فلسطینیوں کے مچھلیوں کے شکار کے حق کو تسلیم کر لیا گیا تھا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین