قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت حانون کے مقام پر جنگی طیاروں سے بمباری کی ہے جس کے نتییجے میں فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ قابض فوجیوں نے بدھ کو علی الصباح بیت حانون قصبے میں شاہراہ القرمان پر زرعی زمینوں پربمباری کی۔ بمباری سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں سے ایک میزائل داغا گیا جو زرعی زمینوں میں گرا ہے۔
قبل ازیں منگل کی شام اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل میں عسقلان کے مقام پر ایک راکٹ گرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیلی فوجیوں کا دعویٰ تھا کہ یہ راکٹ حملہ غزہ کی پٹی سےکیا گیا ہےتاہم غزہ میں کسی مزاحمتی گروپ کی جانب سے راکٹ داغے جانے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین