اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمت کاروں اور صہیونی حکومت کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت طے پائی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں وحشیانہ گولہ باری اور فائرنگ کی ہے
جس کے نتیجے میں متعدد مکانات اورفصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
غزہ کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جمعہ کی شام جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی۔ اسرائیلی فوج کے داغے گئے کئی گولے خان یونس میں فلسطینیوں کی کھڑی فصلوں میں جا گرے جس کے نتیجے میں فصلوں کو نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی نے خان یونس کی مشرقی کالونی القراحین میں شہریوں کے مکانات پر بھی براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل مصر کی نگرانی میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور حماس کے مذاکراتی وفود نے پانچ روز کی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ جنگ بندی میں پانچ روز کی توسیع کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
