فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں البریج پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ کی زد میں آکر دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں اسپتال میں رکھا گیا ہے۔نامہ نگار نے بتایا کہ غزہ کی سرحد پر بنائی گئی باڑ سےمتصل ایک کیمپ میں متمرکز اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نوجوانوں کے ایک گروپ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والے دونوں نوجوان وسطی غزہ کے قریب اسرائیلی سرحدی باڑ سے کچھ فاصلے پر موجود تھے۔
نامہ نگار کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ کا یہ علاقہ روز مرہ کی بنیاد پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کا نشانہ بنا رہتا ہے۔ آئے روز یہاں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی شہری زخمی ہوتے ہیں۔