(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے مشرق میں واقع کارنی گذرگاہ کے قریب اسرائیلی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہوگیا۔ زخمی شہری کی ٹانگ میں گولی لگی ہے اور اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرقی قصبے خزانہ میں ابو ریدہ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی کسانوں پر فائرنگ کی۔ تاہم وہاں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر سنہ 2014ء کی دو ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد فلسطینی تنظیموں اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی قائم ہے مگر قابض فوج کی طرف سے آئے روز جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔