اسرائیلی بحریہ نے کینیڈا اور آئرلینڈ کے دو بحری جہازوں پر سوار 27 رضا کاروں کے غزہ کی جانب گامزن امدادی قافلے کو روکنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اسرائیلی عسکری قائدین کے مطابق صہیونی فورسز بحری جہازوں کو غزہ کے ساحل تک پہنچنے سے قبل ہی روکنے کے لیے تیار ہیں۔
توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ ترک ساحل سے روانہ ہونے والے یہ دونوں جہاز بھاری مقدار میں امدادی سامان لیکر کل جمعہ کے روز غزہ پہنچ جائیں گے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان باسم افخی ادری نے دونوں جہاروں کی ترک ساحل سے روانگی کے دو گھنٹے بعد جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے آنے والے ان دونوں جہازوں سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
واضح رہے کہ 360 مربع کلومیٹر پر مشتمل غزہ کی پٹی، جس کا اسرائیل نے پانچ سال سے محاصرہ کر رکھا ہے، میں بسنے والے ساڑھے سولہ لاکھ فلسطینی انتہائی کس مپرسی کی حالت میں زندگی برس کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور دنیا کے اکثر ممالک کی جانب سے اس محاصرے کی مخالفت کے باوجود صہیونی فورسز یہ محاصرہ ختم کرنے کو تیار نہیں۔
گزشتہ برس اکتیس مئی کو بھی اسرائیلی فورسز نے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے عالمی امدادی قافلے ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘ میں شریک ترک بحری جہاز پر حملہ کر کے نو ترک رضا کاروں کو شہید کر دیا تھا۔