اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر حملے تیز کر دیے ہیں، اتوار کی شام صہیونی لڑاکا طیاروں نے 360 مربع کلومیٹر مسافت پر پھیلی فلسطین کی اس ساحلی پٹی کے چار مقامات پر بمباری کی جس کی زد میں آ کر متعدد تعمیرات کو نقصان پہنچا تاہم کسی فلسطینی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مقامی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے سب سے پہلے غزہ کے وسطی بریج کیمپ میں آباد بحیری خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا اور بمباری کرکے اسے تباہ کردیا، تاہم اس حملے میں کوئی فلسطینی زخمی نہیں ہوا۔
دوسرا حملہ غزہ سٹی کی مشرقی زیتون کالونی میں کاروں کے ایک بازار میں ایک کھلے میدان میں کیا گیا، لڑاکا طیاروں کی اس بمباری سے سارے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کھلے میدان کے قریب موجود بلڈنگز لرز کر رہ گئیں۔ صہیونی فضائیہ نے اس کے بعد خان یونس اور بیت حانون میں القسام بریگیڈ کے دو مراکز پر بھی بمباری کی، تاہم ان حملوں میں بھی کوئی فلسطینی زخمی نہیں ہوا البتہ بڑے پیمانے پر تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ ان چار مقامات پر بمباری کے علاوہ اتوار کی صبح کو اسرائیلی طیاروں نے بمباری کرکے خان یونس میں القسام بریگیڈ کے ایک مجاہد کو شہید جبکہ ایک کو زخمی کر دیا تھا۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج لگ بھگ ہر روز غزہ پر حملے کر رہی ہے، جس میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین