(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ارجنٹائن کے ماہر سرجن اور ڈاکٹرز کا وفد غزہ میں پیچیدہ نوعیت کی سرجریز کرنے اور دیگر طبی سہولیات فراہم کرنے کے بعد گزشتہ روز واپس لوٹ گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ تیرا سالوں سے غیرقانونی اور غیر انسانی ناکہ بندی جاری ہے جس کے باعث غزہ میں داخل ہونا انتہائی دشوار گزار مرحلہ ہے، ایسی صورتحال میں 3 سرجن اور 4 ڈاکٹرز پر مشتمل ارجنٹائن کے 7 رکنی وفد نے غزہ کا ایک ہفتے پر مشتمل دورہ کیا ، اس دوران غزہ کے مختلف اسپتالوں میں 120 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جبکہ 50 مریضوں کی پیچیدہ سرجریز کی ، اس دوران ان کو فلسطینی ڈاکٹرز کی معاونت بھی حاصل رہی ۔
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک ہفتے تک غزہ کے مختلف اسپتالوں میں مریضوں کا معائنہ کرنے والے ارجنٹائن کے ڈاکٹرز نے فلسطین چلڈرن ریلیف آرگنائزیشن کے تعاون سے خان یونس میں قائم ناصر میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج 50 مریضوں کی پیچیدہ نوعیت کی کامیاب سرجریز کیں۔
21 جوالائی کو غزہ میں آنیوالا ارجنٹائنی ڈاکٹرز کا وفد گزشتہ روز 50 کامیاب پیچیدہ سرجریز کرنے کے بعد اریز بارڈر سے اپنے ملک واپس روانہ ہوگیا ۔