(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کے الشفا میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر قابض اسرائیل نے غزہ شہر پر فوجی یلغار کی تو کم از کم تیرہ لاکھ فلسطینی شہریوں کی زندگیاں براہ راست خطرے میں پڑ جائیں گی اور ہسپتال ان کی طبی خدمت انجام دینے سے قاصر رہیں گے۔
ابو سلمیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے طبی عملے اور مریضوں کی جانوں پر شدید خدشہ ہے کیونکہ قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور درندگی کے نتیجے میں پہلے ہی سیکڑوں مریض اور طبی عملے کے ارکان ہسپتالوں کے اندر شہید کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو رکھنے کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں رہی اور شہداء کی تعداد اتنی بڑھ چکی ہے کہ مردہ خانے بھی بھر گئے ہیں۔
ابو سلمیہ نے فوری طور پر اس خونریز جنگ کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام مزید اس اجتماعیِ قتل عام کے بوجھ تلے نہیں دب سکتے۔