فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت الفتح کی سینٹرل کمیٹی کے ایک نمائندہ وفد نے کل جمعہ کے روز محصور فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد غزہ میں فتحاوی قیادت میں پائے جانے والےاختلافات ختم کرانا اور پارٹی کے اندر مفاہمت کو آگے بڑھانا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ پہنچنے والے فتحاوی رہ نماؤں میں نبیل شعث، جمال محیسن اور محمود المدنی شامل ہیں۔ حال ہی میں صدر محمود عباس نے ان تینوں رہ نماؤں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی تھی جسے غزہ کی پٹی میں پارٹی قیادت میں پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے ان سے ملاقاتیں کرنے اور معاملات سلجھانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
غزہ آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے رکن محمود المدنی نے کہا کہ وہ پارٹی رہ نماؤں کےدرمیان پائے جانے والے اختلافات کو مل بیٹھ کر حل کرنا چاہئیں گے۔ انہیں توقع ہے فتح کی مقامی قیادت ان کی بات کو ضرور سنے گی اور پارٹی کے تنظیمی معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔