مصری حکام نے ہفتے کے روز فلسطینی شہر غزہ کی پٹی سے ملحقہ بین الاقوامی گذرگاہ "رفح” کو عارضی طور پر کھول دیا ہے، جس کے بعد سیکڑوں فلسطینی سرحد پار جانے اور بیرون ملک سے شہرمیں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مصری حکام کی جانب سے رواں ماہ رفح بارڈر نہایت مختصر وقت کے لیے طویل وقفےکے بعد ہی کھولی جاتی رہی ہے۔ بعض اوقات فلسطینی طلباء مریض اور دیگر ضرورت مند مسافر کئی کئی روز سرحد پر خوار ہوتے رہے ہیں۔ ابھی ایک روز قبل مصرکی طرف سے آتے ہوئے ایک فلسطینی خاتون نے رفح گذرگاہ کے کیفے ٹیریا میں ایک بچے کو جنم دیا۔ نومولود کو بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث وہ چوبیس گھنٹوں میں جاں بحق ہوگیا۔